ایشیا کپ گروپ اے: یو اے ای نے عمان کو شکست دے دی
ابوظبی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے گروپ اے میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے عمان کو 42 رنز سے ہرادیا۔
ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ عمان کے کپتان جتندر سنگھ کو مہنگا پڑا۔ یو اے ای نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز اسکور کیے۔ کپتان محمد وسیم نے 54 گیندوں پر 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ اوپنر علی شان شرفو نے 51 رنز بنائے اور پہلی وکٹ پر 88 رنز کی شراکت قائم کی۔ دیگر بلے بازوں میں محمد زوہیب نے 21 اور ہرشیت کوشک نے 19 رنز بنائے۔ عمان کے جیتن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم 19ویں اوور میں 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آریان بشت نے سب سے زیادہ 24 رنز بنائے جبکہ کپتان جتندر سنگھ اور ونائیک شکلا نے 20،20 رنز کا اضافہ کیا۔
یو اے ای کی بولنگ میں جنید صدیقی نمایاں رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ محمد جواد اللہ اور حیدر علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
گروپ اے میں اب تمام ٹیموں کے 2،2 میچز مکمل ہوچکے ہیں۔ عمان اپنا اگلا میچ بھارت کے خلاف کھیلے گا جبکہ یو اے ای کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔
