اسرائیل کا دوحہ میں فضائی حملہ،5عہدیدار شہید
دوحہ: قطر کے دارالحکومت میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیہ اپنے بیٹے اور دیگر چار عہدیداروں سمیت شہید ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق دوحہ کے علاقے کتارا میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
اسرائیلی فوج نے بیان میں تصدیق کی کہ کارروائی کا ہدف حماس کی اعلیٰ قیادت تھی۔ ایک اسرائیلی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ اس حملے کی منظوری امریکی صدر ٹرمپ نے دی تھی اور امریکا کو اس کارروائی سے قبل اعتماد میں لیا گیا تھا۔
حماس کے ذرائع کے مطابق فضائی حملے کے وقت تنظیم کی قیادت کا اجلاس جاری تھا، جس میں غزہ میں جنگ بندی سے متعلق امریکی تجویز پر غور کیا جا رہا تھا۔
دوسری جانب قطر کی وزارتِ خارجہ نے اس حملے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
