رحمت للعالمین ﷺ کا 1500واں جشنِ میلاد عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے
سرزمینِ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 1500واں جشنِ میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس مبارک موقع پر شہروں، گلیوں اور بازاروں میں چراغاں ہے جبکہ مساجد، عمارتوں اور چوراہوں پر سبز پرچموں کی بہار ہے۔
ملک بھر میں درود و سلام کی محفلیں اور نعتیہ اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جہاں آقائے دو جہاں ﷺ سے والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں نماز فجر کے بعد اکتیس توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
کراچی میں جماعت اہلِ سنت کے زیرِ اہتمام مرکزی جلوس سہ پہر تین بجے نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا جو نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوگا۔ بعد ازاں شام پانچ بجے نشتر پارک میں عظیم الشان جلسہ ہوگا جس کی صدارت علامہ شاہ عبد الحق قادری کریں گے۔ جید علمائے کرام خطابات فرمائیں گے اور قرار دادیں بھی پیش کی جائیں گی، جبکہ نماز عصر اور مغرب بھی وہیں ادا کی جائے گی۔
جلوس اور جلسے کے انتظامات کے لیے جماعت اہلِ سنت کے ایک ہزار رضا کار اور اسکاؤٹس ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ ایم اے جناح روڈ اور شہر کے دیگر مرکزی مقامات پر کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔
جشنِ میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے سنی تحریک، تحریک لبیک اور دیگر مذہبی جماعتوں کے جلوس بھی برآمد ہوں گے۔
