ننگرہار میں شدید زلزلہ، 20 افراد جان کی بازی ہار گئے۔افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں 6.0 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جان سے گئے جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 8 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر آنے والے اس زلزلے کے تقریباً 20 منٹ بعد 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا بھی محسوس کیا گیا جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔
طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے اپنے بیان میں کہا کہ زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ ان کے مطابق مقامی حکام اور شہری ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ مرکز اور دیگر صوبوں سے امدادی ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ متاثرین کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
