پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے دی
شارجہ میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے ہرا دیا۔
قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 182 رنز بنائے اور افغانستان کو 183 کا ہدف دیا۔ کپتان سلمان علی آغا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹسمینوں میں صاحبزادہ فرحان اور محمد نواز نے 21، فخر زمان نے 20، محمد حارث نے 15، جب کہ فہیم اشرف اور صائم ایوب نے 14، اور حسن نواز نے 9 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹنگ لائن بڑی مزاحمت نہ کر سکی۔ کپتان راشد خان نے 39، رحمان اللہ گرباز نے 38، صدیق اللہ نے 23 اور درویش رسولی نے 21 رنز بنائے، تاہم باقی بلے باز دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکے۔
پاکستان کی جانب سے بولنگ میں حارث رؤف نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ شاہین شاہ آفریدی، محمد نواز اور سفیان مقیم نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ افغانستان کے فرید احمد نے 2، جبکہ مجیب الرحمان، محمد نبی، راشد خان اور عظمت اللہ عمرزئی نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
پاکستانی ٹیم میں سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، حسن نواز، محمد نواز، محمد حارث، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور سفیان مقیم شامل تھے۔ افغانستان نے رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زادران، صدیق اللہ، درویش رسولی، کریم جنت، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان (کپتان)، محمد نبی، مجیب الرحمان، فضل حق فاروقی اور فرید احمد کو میدان میں اتارا۔
سیریز کی تیسری ٹیم متحدہ عرب امارات ہے جو کل پاکستان کے خلاف مقابلہ کرے گی
