ڈی آئی خان میں آندھی اورطوفانی بارش سے شدید تباہی،10 جاں بحق
ڈیرہ اسماعیل خان اور مضافاتی علاقوں میں شدید آندھی اور طوفانی بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ تیز ہواؤں کے باعث متعدد مقامات پر مکانات کی چھتیں گر گئیں اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔
اطلاعات کے مطابق، پہاڑپور کے علاقے میں ایک مکان کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹا جان کی بازی ہار گئے۔ گریڈ روڈ پر سولر پینل گرنے سے تین افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ دیگر مختلف مقامات پر مزید پانچ افراد جان سے گئے۔
آندھی کے باعث 11 ہزار کے وی کا مین ٹاور گرنے سے کئی علاقوں میں بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے، متعدد فیڈر ٹرپ کر چکے ہیں اور بعض علاقوں میں بجلی مکمل طور پر بند ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے مطابق 60 سے زائد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ امدادی سرگرمیاں بروقت انجام دی جا سکیں۔
