ٹرمپ کا بڑا اقدام،جنوب مشرقی ایشیا میں دہائیوں پرانی جنگ کا اختتام
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان تاریخی امن معاہدے پر ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں دستخط ہو گئے۔
تقریب سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ دنیا میں امن کے خواہاں ہیں اور انہیں جنگیں رکوانا پسند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تجارت کے ذریعے آٹھ جنگیں ختم کرائیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ملائیشیا اس امن معاہدے کی نگرانی کرے گا، جس سے لاکھوں جانیں بچیں گی۔ انہوں نے تھائی لینڈ کی ملکہ کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عظیم شخصیات ہیں جنہوں نے خطے میں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی میں سعودی عرب نے کلیدی کردار ادا کیا۔
اس موقع پر ملائیشیا کے صدر انور ابراہیم نے صدر ٹرمپ کی قیام امن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کے لیے امریکی قیادت کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں، خاص طور پر غزہ امن معاہدے میں ان کا کردار نمایاں رہا۔
قبل ازیں، اپنے دورۂ ملائیشیا سے قبل ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم *ٹروتھ سوشل* پر بیان جاری کیا کہ وہ ایک "شاندار امن معاہدے” پر دستخط کے لیے جا رہے ہیں، جس پر انہیں فخر ہے۔
امریکی صدر ایشیائی ممالک کے ایک ہفتے کے دورے پر ہیں، اس دوران وہ آسیان اجلاس میں شرکت کے ساتھ جاپان اور جنوبی کوریا میں بھی اہم ملاقاتیں کریں گے۔
